اشتہار

اقتدار کی بھوک میں لوگ اپنے پڑوسیوں کو بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں: کرسمس پر پوپ فرانسس کا خطاب

اشتہار

حیرت انگیز

ویٹیکن سٹی: دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری ہیں، ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی، کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس موقع پر خصوصی دعا کرائی۔

روئٹرز کے مطابق پوپ فرانسس نے ہفتے کے روز اپنے خطاب میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارک باد دی اور حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی، اس موقع پر انھوں نے عالمی برادری سے یوکرین میں جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے پر زوردیا۔

پوپ فرانسس نے یوکرین کا نام لیے بغیر جنگ کے حوالے سے کہا کہ اقتدار کی لالچ اور بھوک کی سطح ایسی ہے کہ کچھ لوگ اپنے پڑوسیوں کو بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں،

- Advertisement -

کئی ماہ سے گھٹنے کی بیماری کی وجہ سے پوپ فرانسس زیادہ دیر کھڑے نہیں‌ ہو پاتے، اس لیے ان کی جگہ ایک اور کارڈینل نے کرسمس کے مرکزی جشن کی رسم ادا کی۔

پوپ نے خطاب میں لالچ اور کھپت کے موضوع پر زور دیا، اور لوگوں سے کہا کہ وہ صارفیت کے حصار سے باہر نکلیں جس نے تہوار کو بھی ایک ’پیکج‘ بنا دیا ہے، اور اس کے اصل معنی کو سمجھیں، اور ان لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو جنگ اور غربت کا شکار ہیں۔

انھوں نے کہا ’’ہماری دنیا میں مرد اور عورتیں، دولت اور طاقت کی بھوک میں اپنے پڑوسیوں، اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بھی کھا جاتے ہیں، کتنی جنگیں ہم نے دیکھی ہیں، اور کتنی جگہوں پر، آج بھی انسانی وقار اور آزادی کی توہین کی جاتی ہے۔‘‘

روئٹرز کے مطابق جب سے فروری میں روس نے اپنے پڑوسی ملک پر حملہ کیا، فرانسس نے تقریباً ہر عوامی تقریب میں ہفتے میں کم از کم دو بار جنگ کے خلاف بات کی ہے، اور مظالم اور بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کی، تاہم انھوں نے ہفتہ کی رات یوکرین کا خاص طور پر ذکر نہیں کیا۔

پوپ فرانسس نے پیسے، طاقت اور عیش و عشرت کی متمنی خطرناک دنیا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس انسانی لالچ کا سب سے بڑا شکار کمزور لوگ ہوتے ہیں۔

اس ماہ کے شروع میں پوپ نے لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ کرسمس کی تقریبات اور تحائف پر کم خرچ کریں اور یوکرین کے باشندوں کو موسم سرما سے نمٹنے کے لیے امداد بھیجیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں