اگر آپ ویب براؤزنگ کے لیے گوگل کروم استعمال کرتے ہیں تو ایک خوش خبری آپ کی منتظر ہے۔
یہ ویب براؤز اب اپنے صارف کو سست رفتار ویب سائٹ کے بارے میں آگاہ کر دے گا جس کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔ یہ فیچر کسی بھی صارف کو بتائے گا کہ اس کی مطلوبہ ویب سائٹ کا پیج لوڈ ہونے میں وقت لے سکتا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل، مخصوص ٹیکنالوجی کی مدد سے براؤزر میں لوڈ کی جانے والی ویب سائٹ کی رفتار جاننے کے بعد یہ معلومات صارف تک پہنچائے گی۔
گوگل کی جانب سے کسی بھی ویب سائٹ کے سست رفتار ہونے کی نشان دہی کے ساتھ یہ بھی بتایا جائے گا کہ یہ عمومی مسئلہ ہے یا اس عمل میں کوئی رکاوٹ حائل ہے۔ یہ معلومات مخصوص بار پر صارف کے لیے ظاہر ہو ں گی۔
گوگل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویب براؤزنگ کے دوران صارف کو مختلف رکاوٹوں اور خاص طور پر کسی ویب سائٹ کے لوڈ ہونے کی رفتار کی نشان دہی کے لیے ماہرین کی ٹیم کام کررہی ہے اور جلد یہ فیچر متعارف کروا دیا جائے گا۔
ویب براؤزر کے صارف کو اس حوالے سے نشان دہی کی غرض سے سادہ ٹیکسٹ پیغام کے علاوہ مخصوص بار میں رنگ کی تبدیلی کے ذریعے اس بات سے بھی آگاہ کیا جائے گا کہ اس کی مطلوبہ ویب سائٹ عمومی طور پر سست رفتار کے مسئلے کا سامنا کرتی ہے۔