اسلام آباد: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سرجیکل ماسک کی چین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے تلاشی کے دوران بیگ سے ماسک کے 12پیکٹ برآمد کیے، مذکورہ ماسک چین اسمگل کیے جارہے ہیں۔
اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کو ذاتی استعمال کے لیے ایک پیکٹ کے ساتھ سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ جبکہ کرونا وائرس کے باعث بڑی تعداد میں ماسک بیرون ملک لے جانے پر پابندی ہے۔
خیال رہے ملک میں کروناوائرس کیس سامنے آنے پر سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور 50 سرجیکل ماسک کے ڈبوں کی قیمت میں1500روپے تک اضافہ ہوا اور 80 روپے والا ڈبہ 2500 روپے تک فروخت ہونے لگا تھا۔ اس دوران ماسک اسمگلنگ کی کوششیں بھی کی گئیں۔
حکومت کو سرجیکل ماسک کی قیمت مقرر کرنے کا حکم
بعد ازاں وزیراعظم نے کرونا وائرس کے پیش نظر ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف نوٹس لے کر انتظامیہ کو کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔