اسلام آباد: سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر آج فردجرم عائد کئے جانے کا امکان ہے ، سترہ اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ سائفرسےمتعلق کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی ، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کےجج ابوالحسنات ذوالقرنین کیس کی سماعت کریں گے۔
سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمودقریشی کے وکلا عدالت میں پیش ہوں گے ، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمودقریشی پر آج فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کےتحت قائم خصوصی عدالت کےجج ابوالحسنات اڈیالہ جیل پہنچ گئے اور اڈیالہ جیل کے باہر راولپنڈی پولیس کی اضافی نفری تعینات ہیں۔
یاد رہے اس سے پہلے سترہ اکتوبرکو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقررکی گئی تھی تاہم پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے چالان کی کاپیاں فراہم نہ کرنےکااعتراض اٹھایا گیا تھا جس کے بعد فردجرم کی تاریخ آج مقرر کی گئی تھی اور ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کی گئیں تھیں۔
پی ٹی آئی کےترجمان عمیرنیازی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی عدالت کی آرڈر شیٹ میں لکھا ہے آج فرد جرم عائدکئے جانے کی کارروائی ہوگی۔
ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج فردجرم عائد ہونے کی کارروائی ہونی ہے، توقع ہے دوسری جانب سے 265 ڈی کےتحت درخواست دائر کی جائے گی اور امکان ہےآج ہی نوٹس جاری ہواوریہ درخواست سماعت کے لئے مقرر ہو جائے، وکیل صفائی کی جانب سےکوشش ہوگی کہ فرد جرم کی کارروائی کوطول دیا جائے۔