کراچی: شہر قائد کے علاقے بنارس چوک کے پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک اور شہری زندگی کی بازی ہار گیا، جاں بحق شہری کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور شہری قاتل ڈور گلے پر پھرنے سے جاں بحق ہو گیا ہے، بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے اورنگی ٹاؤن کا رہائشی شہروز جان کی بازی ہار گیا۔
متوفی موٹر سائیکل پر بھائی کے ساتھ جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا، متوفی کے بھائی نے بتایا کہ بنارس پل پر عبداللہ کالج کے قریب اچانک ڈور گلے پر پھر گئی، بھائی نے ڈور کو کھینچا تو گردن سے خون بہنا شروع ہو گیا۔
متوفی شہروز کے بھائی کا کہنا تھا حادثے کے بعد روڈ کے بیچ میں کھڑے رہے، بعد ازاں رکشے میں بھائی کو اسپتال منتقل کیا، لیکن راستہ خراب ہونے کی وجہ سے بروقت اسپتال نہیں پہنچ سکے، راستہ صحیح ہوتا تو بھائی کو جلدی اسپتال پہنچا دیتے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: پتنگ کی ڈور سے دو گلے کٹ گئے، ایک شخص جاں بحق
انھوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پتنگ کی ڈور نظر نہیں آئی تھی، بھائی فیکٹری میں کام کرتا تھا، بنارس پل پر سے گزرتے ہوئے حادثہ پیش آیا۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی کراچی میں پتنگ کی ڈور سے دو گلے کٹ گئے تھے، جن میں سے سعدی ٹاؤن کا رہائشی ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ جہانگیر روڈ کے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا تھا۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں آئے روز گلے پر ڈور پھرنے کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں، پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی بھی عاید ہے۔