کراچی : سٹی کورٹ نے کوکین اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار مصطفیٰ عامرقتل کے ملزم ارمغان کے 2 ساتھیوں کی ضمانت مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں مصطفیٰ عامر قتل کے مرکزی ملزم ارمغان کے دو ساتھیوں پر منشیات فروشی کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے کوکین اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار فرحان اورعبدالمغنی کی ضمانت مسترد کردی، ملزمان کورواں سال جنوری میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سے کوکین برآمد ہوئی تھی اور ملزمان نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ ارمغان کے ملازم ہیں۔
یاد رہے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کی تفتیشی رپورٹ جاری کی گئی تھی ، جس میں ملزم علی خان نے انکشاف کیا تھا کہ منشیات بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں : مصطفیٰ عامر قتل کیس: ارمغان کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کا دوران تفتیش اہم انکشاف
ملزم علی خان نے حکام کو بتایا تھا کہ کوکین فراہمی کی ذمہ داری شاہ فہد کی تھی، ملزم شاہ فہد اور اسکی بیوی اسلام آباد سے منشیات کا ریکٹ چلارہے ہیں، ایک کلو کوکین بلوچستان سے 85 لاکھ روپے میں ملتی ہے۔
ملزم کا کہنا تھا کہ شہر میں کوکین بلوچستان، اسلام آباد، لاہور اور پشاور سے پہنچائی جاتی ہے، ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک گرام کوکین 16 سے 18 ہزار روپے میں فروخت کرتے ہیں، ایک کلو کوکین کی فروخت پر ایک کروڑ روپے منافع ملتا تھا۔