ملتان : ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکار نے خاتون مسافر کا قیمتی سامان واپس کرکے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سی اے اے اہلکاروں قیمتی اشیاء سے بھرا بیگ ملنے پر مالک کو ڈھونڈ کر اس کے حوالے کردیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خاتون مسافر کی دوحہ سے کیو آر-616 کے ذریعے آمد ہوئی، اے پی ایس لاؤنج کے سپروائزر (ہیڈ اسٹاف) کو تقریباً صبح تین بجے بین الاقوامی آمد پر ایک لاوارث بیگ ملا۔
بیگ ملنے پر ہیڈ اسٹاف نے گمشدہ بیگ کے حوالے سے فوری طور پر ڈی ٹی ایم اور لوسٹ اینڈ فاؤنڈ سیکشن کے افسران کو آگاہ کیا۔
مذکورہ لاوارث بیگ میں ایک عدد موبائل فون سام سنگ گلیکسی اے70، ایک ٹیب، 10گرام سونے کا ایک کنگن، 10 گرام کی دو عدد بالیاں اور دو قیمتی گھڑیوں سمیت متعدد قیمتی اشیاء موجود تھیں۔
ڈیوٹی افسر نے سی سی ٹی وی فوٹیجزز کی مدد سے خاتون مسافر کو ڈھونڈ نکالا اور مسافر سے رابطہ کر کے شناخت اور ضروری کارروائی کے بعد بیگ صبح سوا آٹھ بجے خاتون مسافر کے حوالے کر دیا گیا۔