کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سال 2019کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے شعبہ فنانس کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا ہے، گزشتہ سال کی نسبت ادارے نے دو ارب روپے سے زائد بچت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت ہوا بازی کی صنعت میں سی اے اے اہم کردار ادا کررہا ہے، نئی ایوی ایشن پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں بازی لے گیا، سی اے اے نے سال 2019میں ہونے والی آمدن کی رپورٹ جاری کر دی۔
سی اے اے کی جاری کردہ مالی سال کی رپورٹ اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔مذکورہ رپورٹ کے مطابق سی اے اے کے شعبہ فنانس نے جاری پرفارمنس رپورٹ میں ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا ہے۔
سی اے اے نے سال 2018 اور 2019 میں 89 ارب روپے ریوینیو حاصل کیا، اتھارٹی میں حاصل ہونے والے ریوینیو میں اخراجات 54ارب ہوئے34 ارب روپے بچت ہوئی۔
سی اے اے نے گزشتہ سال2017 اور2018 ایک سال میں78 ارب ریوینیو حاصل کیا اور اخراجات56 ارب روپے رہے، سی اے اے نے رواں سال حاصل ہونے والے ریکارڈ ریوینیو میں سے 7۔13 فیصد ٹیکس کی ادائیگی بھی کی، گزشتہ سال کی نسبت سی اے اے نے امسال اخراجات میں بھی 2 ارب سے زائد بچت کی۔