کراچی : باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا تلف کیا گیا کھانا ایپرن ایریا کے ساتھ ڈمپ کئے جانے پر نجی ایئر لائنز کے خلاف وارننگ لیٹر جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئر لائن کو سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کردی۔
اس حوالے سے سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائنز کے مسافروں کا تلف کیا گیا کھانا ایپرن ایریا کے ساتھ ڈمپ کئے جانے پر نوٹس لیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ نجی ایئر لائن کی جانب سے ایپرن رولز کی خلاف ورزی بھی کی گئی۔ ائیر پورٹ مینجر کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی کے باعث رن وے اور اطراف پرندوں کی آمد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، پرندوں کی آمد جہازوں کے لئے خطے کا باعث ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نجی ایئر لائن کو لکھے گئے وارننگ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تلف کئے گئے کھانے کے باعث ایپرن ایریا کے اطراف بلی کتوں کے علاوہ دیگر حشرات الارض بھی آنے لگے ہیں لہٰذا ایئر لائن اتنظامیہ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر اپنے ملازمین کے خلاف فوری ایکشن لے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اگر یہ عمل نہیں رکا تو بصورت دیگر مذکورہ ائر لائن اور عملے کے خلاف سخت اور تادیبی کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کر نے والے ملازمین کے ایپرن ایریا میں داخلہ پر پابندی عائد کردی جائے گی۔