کراچی : گلستان جوہر میں گزشتہ ماہ ہندو سول انجینئر راہول کمار کے قتل کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سول انجینئر راہول کمار کے قاتل ملزم شنک شرما کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم مقتول کی اہلیہ کا کزن ہے۔
پولیس کے مطابق راہول کمار کو 4 دسمبر کو قتل کیا گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گرفتار قاتل اپنا حلیہ تبدیل کرکے گھر میں داخل ہوا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم شنک شرما کی شناخت کی گئی، مقتول کے اہل خانہ نے بھی گرفتار ملزم پر شک کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیوی نے قتل کے واقعے کی اطلاع دیر سے دی اور مقتول کی بیوی نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی بھی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے ساتھ سول انجینئر راہول کمار کے قتل میں اور کون کون ملوث ہے جس کی تفتیش جاری ہے بہت جلد معاملے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے۔
یاد رہے کہ 4 دسمبر کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر موڑ کے قریب بلاک19 کے رہائشی فلیٹ لاکھانی اپارٹمنٹ امام بارگاہ والی گلی میں نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر 35سالہ راہول کمار ولد راج کمار کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا تھا۔
مقتول کی شناخت 35 سالہ راہول کمار ولد راج کمار کے نام سے کی گئی۔ مقتول سول انجینئر تھا اور کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا، آبائی تعلق اندرون سندھ شکار پور سے تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول راہول کمار کو تیز دھار آلے ذبح کیا گیا تھا مقتول راہول کمار کی بیوی نے اس وقت پولیس کو بیان دیا تھا کہ میرے شوہر کے کچھ دوست گھر پر آئے تھے جن سے جھگڑا ہوا اور وہ اسے قتل کرکے فرار ہوگئے۔