پشاور: خیبرپختونخوا میں بزرگ ٹریفک وارڈن پر شہری نے تشدد کیا جس کا آئی جی کے پی نے نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گاڑی کو راستہ نہ دینے پشاور میں شہری نے بزرگ ٹریفک وارڈن پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی، خود کو وکیل کہنے والے شہری نے وارڈن پر گاڑی چڑھانے کی بھی کوشش کی، وارڈن پر تشدد کا آئی جی کے پی نے نوٹس لے لیا۔
ٹریفک وارڈن کا کہنا تھا کہ شہری کو دو منٹ رکنے کا اشارہ کیا تو مجھے مارنا شروع کردیا، وہ خود کو وکیل کہہ رہا تھا اور مجھ پر گاڑی چڑھانے کی بھی کوشش کی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز عثمان علی کے مطابق جب ٹریفک وارڈن کو شہری نے دھکا دیا تو دوسرے وارڈن نے اسے روکنے کی کوشش کی تاہم خود کو وکیل ظاہر کرنے والے شہری نے وارڈن کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
اے آر وائی نیوز پر ویڈیو نشر ہونے کے بعد آئی جی کے پی نے ٹریفک وارڈن پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔