کراچی:چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے کےپی میں مندر کو آگ لگانے کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں مندر کو آگ لگانے کے واقعے پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا اور ازخود نوٹس پانچ جنوری کو سماعت کے لئے مقرر کردیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے مندر جلانےکے واقعےپر اظہار تشویش کیا اور مندر کو نقصان پہنچانے کے معاملے پرچارجنوری تک رپورٹ طلب کی ہے، ساتھ ہی چیف جسٹس گلزار احمد نے چیف سیکریٹری ، آئی جی کے پی اور ایک رکنی اقلیتی حقوق کمیشن کو متاثرہ مندر کےدورے کا حکم بھی دیا۔کے پی کے میں مندر جلانے کا واقعہ چیف جسٹس کی نوٹس میں آج ہی آیا تھا جب چیئرمین ہندو کونسل نے چیف جسٹس سے کراچی رجسٹری میں ملاقات کی اور صورت حال سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو مں چیئرمین ہندو کونسل رمیش کمار نے بتایا کہ آج صبح چیف جسٹس نےمجھےبلایا، ان سےملاقات ہوئی ہے، چیف جسٹس نےمندر سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے، چیف جسٹس نےکہا کہ پیر تک رپورٹ جمع کرائیں، منگل کی صبح چیف جسٹس اس کیس پرسماعت کرینگے۔
رمیش کمار نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی بھی کال آئی،انہوں نے بھی احکامات جاری کئے، وزیراعظم نے بھی کمیشن کو کہاکہ واقعے پر رپورٹ دیں، وزیراعظم کی طرف سےکہا گیا ملوث عناصرکوسزا دی جائےگی۔
رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ہندو برادری کو سپریم کورٹ آف پاکستان پربھروسہ ہے، ہمارا مطالبہ چیف جسٹس اور وزیراعظم نے پوراکردیا ہے،امید ہےکہ ایکشن لیاجائےگا اورملوث عناصرکوسزا ملےگی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مشتعل ہجوم نے ہندو بزرگ کی سمادھی مزار میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کردیا تھا، واقعہ کرک کے دور دراز علاقے ٹیری ٹاؤن میں پیش آیا تھا۔
مشتعل افراد کی جانب سے مندر مسمار کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے میں ملوث ملزموں کی گرفتار ی کا حکم دیا تھا۔
Strongly condemn the burning of a Hindu temple by a mob in Karak Khyber Pukhtunkhwa. KP govt must ensure culprits brought to justice. MOHR also moving on this. We as a govt have a responsibility to ensure safety & security of all our citizens & their places of worship.
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) December 30, 2020
ادھر وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرک میں مندر کو جلانے کی مذمت کرتی ہوں، خیبرپختونخوا حکومت مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔