ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بچی زیادتی کیس: چیف جسٹس نے از خود نوٹس لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کراچی میں نالے سے ملنے والی بچی پر مبینہ تشدد اور زیادتی کا از خود نوٹس لے کر آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

زیادتی اور تشدد کا شکار مذکورہ بچی گزشتہ روز کورنگی کریک کے قریب واقع ایک نالے سے ملی تھی۔ بچی کی حالت تشویشناک تھی، اس کے جسم پر زخموں کے نشانات تھے جبکہ اس کا گلا اور ہاتھوں کی رگیں کاٹنے کی بھی کوشش کی گئی تھی۔

بچی کو علاقہ مکینوں نے دریافت کیا جس کے بعد انہوں نے ریسکیو کو کال کی۔ ریسکیو ذرائع نے زخمی بچی کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں بچی کا علاج جاری ہے۔

واقعہ کے چند گھنٹوں بعد بچی کی شناخت کا معاملہ بھی حل ہوگیا اور بچی کے ماموں نے ابراہیم حیدری پولیس سے رابطہ کرلیا۔ پولیس کے مطابق بچی کا نام سویرا اور والد کا نام بشیر ہے جو کورنگی کا رہائشی ہے۔

ماموں کے مطابق بچی گزشتہ روز کھیلتے کھیلتے غائب ہوگئی تھی۔

دوسری جانب ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر کاشف کا کہنا ہے کہ بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد اس کا گلا کاٹ کر اُسے قتل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئی۔ بچی کی زندگی کے لیے آئندہ 36 گھنٹے بہت اہم ہیں۔ ان کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو 48 گھنٹے میں رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب قائم قام گورنر سندھ اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے بھی آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی ہر صورت گرفتاری کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں