اسلام آباد : چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سپریم جوڈیشل کونسل اور ججز جوڈیشل کمیشن کو نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ، جوڈیشل کمیشن میں جسٹس گلزار احمد،جسٹس عظمت سعید، جسٹس مشیر عالم اورجسٹس عمر عطابندیال شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائر منٹ کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل میں تبدیلی کردی گئی، اب نئے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ سپریم جوڈیشل کونسل اور ججز جوڈیشل کمیشن کے نئے سربراہ ہیں۔
نئی ترتیب کے مطابق جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبر ہیں جبکہ ججزتقرری جوڈیشل کمیشن میں جسٹس عمر عطابندیال کوشامل کیا گیا ہے جبکہ جوڈیشل کمیشن میں جسٹس گلزاراحمد،جسٹس عظمت سعید اور جسٹس مشیر عالم بطورممبر شامل ہیں۔
یاد رہے آج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔
مزید پڑھیں : جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا
گذشتہ روز فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ فوج اورحساس اداروں کاسویلین معاملات میں دخل نہیں ہوناچاہیئے، ملٹری کورٹس میں سویلین کاٹرائل ساری دنیامیں غلط سمجھا جاتاہے،کوشش کریں گےسول عدالتوں میں بھی جلدفیصلےہوں۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ بطورچیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تعطل دور کرنےکی کوشش کروں گا،جعلی مقدمات اور جھوٹےگواہوں کیخلاف ڈیم بناؤں گا۔
خیال رہے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا جبکہ وہ کئی اہم کیسز کی سماعت کرنے والے بینچز کاحصہ رہے، انہوں نے چارکتابیں بھی تصنیف کیں، بطور جج اپنے 18 سالہ کیرئر میں انہوں نے 50 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے سنائے، نوازشریف کے خلاف پاناما کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی انہی کے زورِ قلم کا نتیجہ تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس آصف سعید کھوسہ منصفِ اعلیٰ کے منصب پر347 دن فائز رہنے کے بعد رواں سال 20 دسمبر. کو ریٹائرہوجائیں گے۔