لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے عائشہ احد پر مبینہ تشدد کیس میں حمزہ شہباز اور درخواست گزار کو کل یعنی پیر کے روز عدالت میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں حمزہ شہباز کی منکوحہ عائشہ احد کو ملنے والی دھمکیوں سے متعلق کیس سماعت ہوئی۔
عائشہ احد کے وکیل سے معزز جج کو آگاہ کیا کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے اور انہیں گرفتار نہیں کررہی۔
جسٹس نثار نے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق ایم این اے حمزہ شہباز اور اُن کی اہلیہ کو کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری طلب کیا، اپنے ریمارکس میں اُن کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اگر لاہور میں ہیں تو کل عدالت میں پیش ہوں۔
مزید پڑھیں: عائشہ احد معاملہ: حمزہ شہباز کے خلاف ایک اور مقدمہ درج
قبل ازیں سابق ایم این اے حمزہ شہباز شریف کے خلاف عائشہ احد کی مدعیت میں تھانہ جنوبی چھاونی میں تشدد، دھمکیاں دینے،چوری اور دیگر دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے حکم پر عائشہ احد مدعیت میں حمزہ شہباز شریف کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تاہم پولیس نامزد مرکزی ملزم حمزہ شہباز سمیت کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔
دوسرے مقدمہ میں بھی حمزہ شہباز شریف یا دیگر نامز د ملزمان کو گرفتار کرنے میں پولیس دلچسپی ظاہر نہیں کر رہی چیف جسٹس آف پاکستان نے حمزہ شہباز اور عائشہ احد کو کل طلب کرلیا۔