جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

بتایا جائے پاکستان کا ہربچہ کتنامقروض ہےاور دس سال میں کتنے وزرائے خزانہ نے قرضے لیے،چیف جسٹس

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہر پیدا ہونے والا بچہ مقروض ہو گیا، بتایا جائے پاکستان کا ہر بچہ کتنا مقروض ہے؟ یہ بھی بتایاجائے دس سال میں کتنے وزرائے خزانہ نے قرضے لیے،رات تک بیٹھے ہیں ،تمام ترتفصیلات سے آگاہ کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں اور اکاؤنٹس کی تفصیلات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا، چیف جسٹس نے قرار دیا کہ پاکستان میں حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہر پیدا ہونے والا بچہ مقروض ہو گیا، بتایا جائے کہ پاکستان کا ہر بچہ کتنا مقروض ہے؟ پچھلی دو حکومتوں نے کیا کیا؟ تعلیم، صحت اور پینے کے پانی کا حال دیکھ لیں۔

- Advertisement -

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قرضے خود لیتے ہیں اور بوجھ ایسے بچوں پر ڈال دیتے ہیں جو ابھی پیدا نہیں ہوئے، ہم مفاد عامہ کا اہم ترین مقدمہ سن رہے ہیں جبکہ گورنر اسٹیٹ بنک اور سیکرٹری خزانہ کو پرواہ ہی نہیں، اربوں کھربوں کا سرمایہ پاکستان سے باہر چلا گیا، برآمدات ختم اور درآمدات بڑھتی جا رہی ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ختم نہیں کر سکے، شاہ عالم مارکیٹ میں بیٹھے سمگلروں کو کوئی نہیں روک سکا، کون کہتا ہے کہ ہم نے ایمنسٹی سکیم کو رد کر دیا ہے؟ ایمنسٹی سکیم کا معاملہ تو ہمارے سامنے آیا ہی نہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہمیں بھی ایمنسٹی سکیم سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس نے قرار دیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اکاؤنٹس اور اثاثوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، بتایا جائے کہ ہر پاکستانی بچے پر کتنا قرض ہے، کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ پیدا ہونے سے پہلے پاکستانی بچے کو مقروض کر دے، بتایا جائے دس سالوں میں کتنے وزراء خزانہ نے قرضے لیے اور غیر ملکی دورے کیے؟

جسٹس ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ زرمبادلہ کو پاکستان سے باہر لے جانے کے لیے کوئی پابندی ہی نہیں لگائی گئی، پتہ ہونا چاہیئے کہ ہر پاکستانی کے بیرون ملک کتنے اثاثے اور اکاؤنٹس ہیں، سوئزر لینڈ میں پڑے پاکستانیوں کے پڑے اربوں کھربوں بارے کیا کھوج لگایا گیا ، رات تک بیٹھے ہیں ،تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں