کراچی : چیف جسٹس ثاقب نثار نے تجاوزات کےخاتمے کیلئے جوائنٹ ٹیم بنانے کا حکم دیتے ہوئے میئر، کنٹونمنٹ، کے ڈی اے اورمتعلقہ محکموں کے سربراہ ، آئی جی سندھ اورڈی جی رینجرزکو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پارکس اورسرکاری زمین پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس نے مئیر کراچی وسیم اختر سے مکالمے میں کہا میئرصاحب کراچی میں اتنا بڑا ہنگامہ کیوں کرادیا؟ بڑےبڑے لیڈر پہنچے ہوئے تھے، شورمچایا ہوا تھا، خدا کا خوف کریں، کیا پھر لسانی فسادات کرانا چاہتے ہیں؟ اب ختم کریں اور دفن کریں اس لسانیت کو، وہاں آپریشن کسی مہاجر،سندھی،پنجابی یاکسی اور کے خلاف نہیں تھا، یہاں کوئی مہاجراور پنجابی نہیں سب پاکستانی ہیں۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا میئر کراچی صاحب آپ مجھے بتاتے تو یہ مسئلہ آسانی سے حل نہیں ہوسکتا تھا؟ کوئی غیر قانونی طور پر مقیم ہے تو اسے چھوڑ دیا جائے؟
میئرصاحب کراچی میں اتنا بڑا ہنگامہ کیوں کرادیا؟ خدا کا خوف کریں، کیا پھر لسانی فسادات کرانا چاہتے ہیں
چیف جسٹس نے کہا چھوٹے بچے ہیں، ان کا کوئی حل نکالا جاتا آپ کا کام بھی انصاف ہے، ایسے تو پارکوں پر قبضہ کرکے پھر مکانات بنا دیئے جائیں گے؟بتائیں آپ نے عدالتی حکم پر عمل کیا؟
جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا مجھے لے کر گئے تھے نالے دکھانے اور کہا تھا صاف ہوجائےگا، کراچی پر بد نما داغ ہے یہ گندگی، جس پر مئیر کراچی نے کہا پارکوں سے تجاوزات ختم کر دیے،غیرقانونی شادی ہالز گرا دیئے، کارروائی کر رہے ہیں اور کنٹرول اب میرےپاس ہے، کام ہورہا ہے۔
جسٹس مشیرعالم نے کہا جہانگیر پارک کے دونوں اطراف آج بھی تجاوزات ہیں، صدر کا علاقہ آپ نے ٹرانسپورٹ مافیا کو دے دیا ہے، تو میئرکراچی نے بتایا وہ کنٹونمنٹ کا علاقہ ہے، میں کارروائی نہیں کر سکتا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا اگر قانون نہیں ہوگا تو طاقت ور کی حکومت ہوگی، قانون کی بالادستی نہیں ہوگی تو ترقی کا کوئی راستہ نہیں، جب قبضہ ختم کرانا چاہتے ہیں، آپ لوگ انسانی ڈھال بنالیتے ہیں، ایسے حل نکالنا ہوگا کہ غریب کو بھی نقصان نہ ہو، فٹ پاتھ پر تھڑے والوں کو بھی کہیں اور ایڈجسٹ کریں۔
اس ملک کو صرف پیسے اور رشوت کی وجہ سے برباد کررہے ہیں
سپریم کورٹ نے تجاوزات کےخاتمے کیلئے دیگر اداروں پرمشتمل جوائنٹ ٹیم کاحکم دے دیا اور میئر کراچی ، کنٹونمنٹ، کےڈی اے، متعلقہ محکموں کےسربراہ ، آئی جی سندھ اورڈی جی رینجرز کو ہفتے کو طلب کرلیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پہلے ماڈل علاقے کے طور پر صدر کو مکمل صاف کرایا جائے، شہروں کی خوبصورتی کیلئےجو کچھ ہوسکتا ہے، وہ ختم ہوچکا ہے یہاں، اس ملک کو صرف پیسے اور رشوت کی وجہ سے برباد کررہے ہیں، بے ایمانی اور رشوت سے ملک کی جڑوں کو کھوکھلاکررہےہیں۔