لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان نے لیپ ٹاپ اسکیم، ہیلتھ کارڈز پرشہبازشریف کی تصاویرشائع کرنے پرازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ وزیراعلی ٰپنجاب کی تصویر ہر جگہ کیوں آجاتی ہے؟۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں لیپ ٹاپ اسکیم،ہیلتھ کارڈزپرشہبازشریف کی تصاویرشائع کرنے پرازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ پیسہ عوام کا اور تصاویر وزیراعلیٰ پنجاب کی کیوں لگائی جا رہی ہیں۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے جواب دیا کہ لیپ ٹاپ اسکیم اورہیلتھ کارڈ وزیراعلی پنجاب کی کاوش ہے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سوال کیا کہ بتایا جائے لیپ ٹاپ اسکیم پرکتنے اخراجات آئے ہیں ؟۔
انہوں نے ریمارکس دیے کہ سیاسی جماعت اپنے پیسے سے تشہیرکرے عوام کے ٹیکس سے نہیں، چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ وزیراعلی ٰپنجاب کی تصویر ہر جگہ کیوں آجاتی ہے؟۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ پہلے لوگ چھپ کرخدمت کرتے تھے اب عوامی پیسوں سے تشہیر کرتےہیں، انہوں نے چیف سیکریٹری پنجاب سے کہا کہ شہبازشریف سے دونوں معاملات پروضاحت لے کررپورٹ پیش کریں۔