اسلام آباد : چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے، جس کے بعد تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں اور بیٹی کے قتل کا نوٹس لے لیا ، ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو دیکھ کر لیا۔
چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کوکیفر کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔
یاد رہے ہفتے کو جہانیاں کچہری میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیشی پر آئی تاج بیگم اور بیٹی عاصمہ کو قتل کر دیا تھا اور ملزمان گولیاں چلانے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے تھے۔
دونوں ماں بیٹی قتل کے مقدمے میں مدعی تھیں، جنہیں احاطہ عدالت میں پہنچنے سے پہلے ہی قتل کیاگیا جبکہ پولیس نے واقعہ کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔