اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ نہ بنانے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، متعلقہ افسران اور اخوت فاونڈیشن کے چیئرمین کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ نہ بنانے کا از خود نوٹس لے لیا اور سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت چیف سیکرٹری اور اخوت فاونڈیشن کو کل کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔
از خود نوٹس کیس کی سماعت کل عید کے تیسرے دن چیف جسٹس آف پاکستان میاں محمد ثاقب نثار کی سربراہی میں صبح گیارہ بجے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت ہوگی۔
گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار عید کے دن اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور میں فاونٹین ہاؤس پہنچے ، مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔
فاونٹین ہاؤس کے دورے کے دوران خواجہ سراؤں نے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کی تھی اور بتایا کہ پاکستانی شہری ہونے کے باوجود ان کو بنیادی حقوق حاصل نہیں نادرا انہیں شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہا۔
اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا فاؤنٹین ہاؤس آکر دلی سکون ملا، جب کوئی کام نہیں کرے گا تو مجبوراً کسی کوتو قوم کے لیے نکلنا پڑے گا، قوم کو قرض سے نجات، پانی فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینی ہے۔