اسلام آباد : چیف جسٹس ثاقب نثار نے جڑواں شہروں میں خواتین کی اسمگلنگ کا ازخود نوٹس لے لیا، آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں سے ڈیڑھ سو سے زائد خواتین کے لاپتہ ہونے کی خبروں پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور اغواکی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر ازخود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد اورّ آئی جی پنجاب سے تین دن میں رپورٹ مانگ لی ہے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کے مطابق نوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی چالیس سالہ خاتون کو اغوا کرکے افغانستان منتقل کیا گیا، اغواکاروں نے تین لاکھ تاوان طلب کیا ہے ، پیسہ نہ ملنے کی صورت میں خاتون کو مزید آگے فروخت کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
میڈیارپورٹ میں دعوی کیا گیا کہ اس طرح سے ڈیڑھ سو سے زائد خواتین کو اغوا کرکے افغانستان پہنچایا جاچکا ہے جبکہ پولیس کارروائی سے گریزکرتے ہوئے تاخیری حربے استعمال کرتی ہے۔