اسلام آباد : چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے آبادی کنٹرول سے متعلق کانفرنس آج ہوگی ، و زیراعظم عمران خان کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اورعدلیہ ملکی آبادی میں تیزی سےاضافہ روکنے پر ایک پیج پر ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر صدارت آبادی کنٹرول سے متعلق کانفرنس آج ہوگی، کانفرنس سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں ہوگی، کانفرنس کی میزبانی لا اینڈ جسٹس کمیشن کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان دوپہر 2بجے کے کانفرنس میں شریک ہوں گے اور بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے جبکہ آبادی میں اضافہ روکنے سے متعلق کانفرنس میں چاروں وزرائےاعلیٰ اور جج صاحبان بھی شریک ہوں گے۔
آبادی میں تیزی سےاضافہ روکنے کی سفارشات کے لئے کمیشن قائم کیا گیا تھا، وزیراعظم نےگزشتہ ماہ وزرائےاعلیٰ اورماہرین پر مشتمل الگ ٹاسک فورس بنائی تھی اور ٹاسک فورس کوکمیشن کی سفارشات کاجائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہےدورہ برطانیہ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو میں آبادی پر کنٹرول کے لیے ‘2 بچے ہی اچھے’ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں آبادی بڑھ رہی ہے اوروسائل سکڑرہے ہیں، بڑھتی آبادی کوکنٹرول کرنے کے لیے اگلے ماہ سے مہم چلائیں گے۔
مزید پڑھیں : بڑھتی آبادی کوکنٹرول کرنے کے لیے اگلے ماہ سے مہم چلائیں گے، چیف جسٹس
ان کا کہنا تھا کہ میں اس کی شروعات اپنے گھر سے کروں گا اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کروں گا اور مید کرتا ہوں اس معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پاکستانی قوم ان کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کرے گی۔
جسٹس میاں ثاقب نثار نے مزید کہا تھا کہ آبادی کنٹرول کرنے کے لیے بھی ایک اچھا منصوبہ حکومت کو دیں گے، منصوبے سے آبادی کے مسائل پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔
خیال رہے ملک میں بڑھتی آبادی کے خلاف مقدمے میں چیف جسٹس نے ملکی آبادی کی شرح میں اضافے کو بم قرار دیتے ہوئے کہا تھا ملک اس قابل ہے، ایک گھر میں سات بچے پیدا ہوں، شرح آبادی پر کنٹرول کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔