اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے انسداد دہشتگردی عدالتوں میں زیر التوا کیسز کے بیک لاگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی ججز سے متعلق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں انسداد دہشتگردی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور شرکا کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں انسداد دہشتگردی عدالتوں سے متعلق 2 ہزار 273 کیسز زیر التوا ہیں جس پر چیف جسٹس نے تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں انسداد دہشتگردی عدالتوں کو درپیش مسائل پر بات کی گئی۔
اجلاس میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے شرکت کی جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل ویڈیو لنک کے ذریعے شریک رہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تمام صوبوں اور اسلام آباد کے پراسیکیوٹرز جنرلز، رجسٹرار سپریم کورٹ اور سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے بھی شرکت کی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اجلاس کے شرکا کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس کا مقصد انصاف کی مؤثر فراہمی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور ان کو دور کرنا تھا۔