جمعہ, فروری 7, 2025
اشتہار

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں سے متعلق اہم فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان کے نئے چیف جسٹس تحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں کو لائیو اسٹریمنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس حوالے سے سپریم کورٹ کے جج محمد علی مظہر کو ٹاسک دے دیا۔ عدالت عظمیٰ کی تمام کورٹ رومز میں لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کی جائے گی۔

براہ راست اسٹریمنگ سروس سائلین کی رضامندی کے ساتھ مشروط ہوگی جبکہ خاتون سائل کی رضامندی کے تحت کیس کی سماعت میں رازداری برتی جائے گی۔

سروس کے تحت عدالت کی کارروائی تک دنیا بھر سے رسائی حاصل ہوگی جبکہ اوورسیز پاکستانی سائلین بھی اپنے مقدمات کی سماعت براہ راست دیکھ سکیں گے۔

براہ راست اسٹریمنگ کیلیے مطلوبہ کیمرے سمیت دیگر آلات کی خریداری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایک کمیٹی پروپوزل تیار کر کے حتمی منظوری کیلیے چیف جسٹس کو بھجوائے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر ایک میں لائیو اسٹریمنگ سروس دستیاب ہے۔ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰی نے بھی کچھ مقدمات کی سماعت کو براہ راست نشر کروایا تھا۔

فل کورٹ اجلاس طلب

دوسری جانب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیمبر سنبھالتے ہی 28 اکتوبر کو ججز کا فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا ہے۔

نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کر دی گئی۔ ویب سائٹ پر یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس پاکستان کے طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا۔ ان کے بعد سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔

اس سے قبل ایوان صدر میں نامزد چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری ہوئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

تقریب میں یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ وہ پاکستان 30ویں چیف جسٹس ہیں۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں