اسلام آباد : چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ہانگژوچین میں ہونے والی 20 ویں ایس سی او چیف جسٹسز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 20 ویں ایس سی او چیف جسٹسز کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس 22 سے 26 اپریل تک ہانگژوچین میں منعقد ہوگی۔
ترجمان سپریم کورٹ نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ایک اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کریں گے، وفد میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد وحید شامل ہوں گے جبکہ گوادر سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر جان ، لکی مروت سے سینئر سول جج نادیہ گل وزیر وفد میں شامل ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے ججز کی شمولیت عدالتی شمولیت پسندی کی عکاس ہے، سپریم کورٹ پاکستان اور سپریم پیپلز کورٹ چین کے درمیان تاریخی ایم او یو پر دستخط ہوں گے،ایم او یو سے عدالتی روابط، تربیت، معلومات کے تبادلے میں پیشرفت ہوگی۔
اعلی عدلیہ کے ترجمان نے کہا کہ ایم او یو میں بین الاقوامی کمرشل لا، ثالثی، سائبر کرائم، مالیاتی جرائم شامل ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی، عدالتی ٹیکنالوجی اور تنازعات کے حل میں تعاون شامل ہوگا جبکہ عدالتی فیصلوں کے نفاذ اور شہری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت کا نظام بہتر ہوگا، دونوں ممالک عدالتی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔
جسٹس شاہد وحید کانفرنس میں کلیدی خطاب کریں گے، خطاب کا موضوع ‘عدالتی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال’ ہوگا، پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی سے متعلق اقدامات اور منصوبے بھی پیش کیے جائیں گے
ای ٹی ایچ زیورخ اور دیگر اداروں سےآرٹیفیشل انٹیلی پر عالمی اشتراک کا ذکر کیا جائے گا اور عدالتی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور قانونی تحقیق میں آرٹیفیشل انٹیلی کا استعمال اجاگر کیا جائے گا ساتھ ہی آرٹیفیشل انٹیلی میں شفافیت، نگرانی، ڈیٹا سیکیورٹی اور تربیت کے اخلاقی اصول بیان کیے جائیں گے اور سپریم کورٹ میں آرٹیفیشل انٹیلی ایپلی کیشن کی نگرانی کیلئے اخلاقی کمیٹی کے قیام کی تجویز دی جائے گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ایرانی چیف جسٹس سے دو طرفہ عدالتی تعاون پر بات چیت کریں گے،ایرانی عدلیہ سے روابط پاکستان کے عالمی عدالتی تعاون کے عزم کا ثبوت ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 63ویں یوم تاسیس پر ترک آئینی عدالت کی دعوت پر استنبول جائیں گے، ترکیہ کا دورہ دونوں ممالک کے عدالتی اداروں میں شراکت داری کو فروغ دے گا، سپریم کورٹ ان روابط کو عدالتی بہتری اور انصاف تک رسائی میں سنگ میل سمجھتی ہے۔