فٹبال میچ کے دوران اسٹیڈیم اچانک میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا اور ٹیموں کے حامیوں کے جھگڑے میں 100 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مغربی افریقی ملک گنی میں یپش آیا ہے جہاں فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران ٹیموں کے حامیوں کے درمیان خونریز تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گنی کے دوسرے بڑے شہر زریکورے میں فوجی سربراہ مامادی دومبویا کے اعزاز میں فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا تھا اور ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا۔
اسی دوران ریفری نے کوئی فیصلہ دیا جس پر تنازع کھڑا جو پہلے جھگڑے اور پھر خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا۔
ریفری کے اس متنازع فیصلے پر ایک ٹیم کے مشتعل حامی میدان میں داخل ہوگئے جس کے بعد مخالف ٹیم کے حامی میدان میں آ گئے اور جھگڑا اسٹیڈیم کی حد سے نکل کر سڑکوں پر آ گیا۔
اس واقعہ کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ایک دوسرے پر حملے شروع کر دیے۔ کچھ مشتعل مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کو آگ لگا دی۔
واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر بھی وائرل ہوئی ہیں جس میں سڑکوں پر جا بجا لاشیں بکھری دکھائی دے رہی ہیں جب کہ مقامی اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق اس واقعے میں اب تک کم از کم 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ زخمی بھی کافی تعداد میں ہیں۔ ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔