لاہور : قومی احتساب بیورو نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل سے متعلق شہباز شریف کیلئے25سے زائد سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار کرکے25جون کو طلب کرلیا، سابق وزیر اعلیٰ نے جواب دہی کیلئے قانونی ماہرین سے رائے مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں نیب نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے25سے زائد سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار کرلیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کل بروز پیر نیب میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں شہباز شریف سے کیےجانے والے سوالات کاجائزہ لیا گیا، لاہور ہیڈ کوارٹر میں ہونے اجلاس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی نیب کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ کنسلٹینسی کی مد میں چار ارب روپے خرچ کئے گئے، کنسلٹینٹ نے جہاں فلٹریشن پلانٹس کی ہدایت کی تھی وہ وہاں نہیں لگائے گئے، اس کے علاوہ صاف پانی کمپنی میں بھرتیاں بھی شہباز شریف کے کہنے پر کی گئیں، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے سخت سوالات کا سامنا کرنا ہوگا۔
شہبازشریف کی چارجون اورفواد حسن فواد کی 25مئی کو نیب میں طلبی
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قومی احتساب بیورو نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں شہبازشریف کو چار جون کو طلب کیا تھا جس میں سابق وزیر اعلیٰ نے خود آنے کے بجائے اپنے نمائندے کو پیش کیا تھا۔
مزید پڑھیں: نیب کا مجھے طلب کرنا بدنیتی کے سوا کچھ نہیں، شہباز شریف
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔