کراچی : کلفٹن کی عمارت میں پھر آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ کی کوئی گاڑی نہیں پہنچی۔ ڈی ایچ اے کی تین گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف،رات گئے لگنے والی آگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک کمرشل بلڈنگ میں آتشزدگی پر قابو پانے کے چند گھنٹے بعد ہی دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔
نویں فلور پر چھپی کسی چنگاری کو ہوا ملی اور وہ شعلہ بن گئی۔ جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو دوبارہ اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ بجھانے کیلیے ڈی ایچ اے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مصروف رہیں، آخری اطلاعات تک شہری ادارے کی فائر بریگیڈ کی کوئی گاڑی نہیں پہنچی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات لگنے والی آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا. اس وقت بھی فائربریگیڈ کوآگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور سترہ گھنٹوں بعد آگ پرقابو پایا گیا۔
آتشزدگی کے واقعے میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوا۔ عمارت میں آگ لگنے کے باعث جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی ہے جو سیکیورٹی گارڈ تھا اور آٹھویں منزل پر موجو دتھا۔
اسنارکل کی رسائی آخری منزل تک نہ ہونے کے باعث محصورافراد کورسیوں کےذریعےنیچے اتارا گیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
https://www.facebook.com/AllPakistanDramaPageOfficial/videos/1083126228435233/
کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ نے فائر بریگیڈ کے آلات اور اس کی کارکردگی کا پول کھول دیا، آگ پھیلتی رہی اور فائر بریگیڈ اہلکار دیکھتے رہے نویں منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے دوپہر سے اسنارکل ہی موجود نہ تھی۔
یاد رہے کراچی میں گزشتہ تین روز میں لگنے والی آگ کا یہ چوتھا واقعہ ہے،اس سے قبل کراچی کے سائیٹ ایریا میں تین فیکٹریوں میں آگ لگ گئی تھی جس سے ٹائر کا گودام جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔
اس موقع پر کے ایم سی کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں کم پڑنے میں کنٹونمنٹ بورڈ اور کے پی ٹی کی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔