اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں میں کراچی سمیت بڑے شہروں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے بارشوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات کی ہدایت کردی۔
شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں اگست تک مون سون کی بارشیں ہوں گی، پنجاب اور سندھ میں بارش معمول سے زیادہ ہونےکی توقع ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مون سون کےآغازنےپہلےہی بھارت،بنگلہ دیش میں ہنگامی صورتحال پیداکی ہے، رواں موسم برسات میں ملک میں معمول سےزیادہ بارشوں کارجحان رہے گا۔
شیری رحمان نے خبردار کیا کہ کراچی،لاہور سمیت بڑے شہروں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے، پاکستان کو 2010 والی سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، وفاقی، صوبائی حکام احتیاطی تدابیر سمیت مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
انھوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران دریاؤں اورندی نالوں میں طغیانی کابھی بہت زیادہ امکان ہے، اس لئے تمام احتیاطی تدابیراختیارکرنےکی ضرورت ہے، تمام متعلقہ اداروں سےگزارش ہےکہ وہ بروقت احتیاتی اقدامات لیں۔