ہر انسان کی فطرت کے بارے میں اس کی چھوٹی چھوٹی عادات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ کسی شخص کا بات کرنے کا انداز، مختلف مواقعوں پر اس کا رویہ اور ردعمل کسی شخصیت کے بارے میں بہت سے راز کھول دیتا ہے۔
اسی طرح لوگوں کا لباس بھی ان کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے۔ کوئی شخص عموماً کس طرح کا لباس اور کس طرح کے رنگ پہنتا ہے، یہ اس کی فطرت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
آئیں دیکھتے ہیں کہ کس طرح کے لباس پہننے والے کس طرح کی شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔
شوخ رنگ
اگر کوئی شخص شوخ رنگ پہننے کا عادی ہے جیسے زرد، سرخ، نارنجی تو ایسا شخص نہایت متاثر کن شخصیت کا حامل ہوسکتا ہے۔ ایسے افراد دوستانہ مزاج کے حامل ہوتے ہیں اور مثبت انداز میں سوچتے ہیں۔
سیاہ اور سرمئی رنگ
سیاہ، سرمئی اور گہرے نیلے رنگ کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد نہایت رکھ رکھاؤ کے حامل ہوتے ہیں۔ ایسے افراد نہایت نفاست پسند اور تہذیب یافتہ ہوتے ہیں۔
ایسے افراد اپنی زندگی کو بھی نہایت منظم انداز میں گزارنے کے عادی ہوتے ہیں۔
پرنٹس
اپنے لباس میں مختلف پرنٹس پسند کرنے والے افراد بے باک ہوتے ہیں۔ یہ افراد صاف گو اور بے خوف ہوتے ہیں اور کسی قسم کی لگی لپٹی نہیں رکھے۔
ایسے افراد تخلیقی ذہن کے بھی مالک ہوتے ہیں۔
لکھائی والے لباس
ایسے افراد جو اس طرح کے لباس پہننا پسند کرتے ہوں جن پر کچھ لکھا ہو، ایسے افراد توجہ کے متقاضی ہوتے ہیں۔ وہ اپنے لباس پر ایسے جملوں کا انتخاب کرتے ہیں جس سے ان کا پیغام دوسرے لوگوں تک پہنچے۔
ایسے لوگ بے پرواہ طبیعت کے بھی حامل ہوتے ہیں اور دیگر افراد کی پسند ناپسند کا خیال کیے بغیر اپنے خیالات کا دوسروں سے اظہار کرتے ہیں۔
سادہ لباس
بالکل سادہ لباس پہننے والے افراد سادگی پسند ہوتے ہیں، ایسے افراد کے لیے لباس ایک نہایت غیر اہم معاملہ ہوتا ہے۔ یہ بڑے مقاصد پر نظر رکھتے ہیں اور ان کی پرواز تخیل بلند ہوتی ہے۔
ڈیزائنر لباس
ایسے افراد جو ہر موقع پر اس بات پر فکر مند ہوتے ہیں کہ سر سے پاؤں تک انہیں ڈیزائنر کی تیار کردہ اشیا پہننی ہیں تو ایسے افراد احساس کمتری کا شکار ہوتے ہیں اور لباس کے ذریعے اسے چھپانا چاہتے ہیں۔
ایسے افراد دکھاوے کے شوقین ہوتے ہیں جبکہ ان کی ذہنی سطح نہایت محدود ہوتی ہے۔ یہ صرف ظاہری اشیا سے دوسرے افراد کو پرکھنے کے عادی ہوتے ہیں۔
ڈھیلے ڈھالے لباس
ڈھیلے ڈھالے لباس پہننا پسند کرنے والے افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ لچکدار طبیعت کے حامل ہوتے ہیں جبکہ ان کے ذہن کا کینوس بہت وسیع ہوتا ہے۔
یہ تبدیلیوں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں اور کسی بھی معاملے پر تنگ نظری کا مظاہرہ نہیں کرتے۔
چست لباس
چست اور تنگ لباس پہننے والے افراد کسی حد تک تنگ نظر ہوتے ہیں اور مخصوص وضع کردہ اصولوں کے تحت چلنا پسند کرتے ہیں۔
لباس کیسا بھی ہو، مجموعی طور پر کسی شخصیت کا اظہار ہوتا ہے اور پہلی نظر میں اچھا یا برا تاثر قائم کرسکتا ہے۔ آپ چاہے کیسا بھی لباس پسند کرتے ہوں، اگر اسے نفاست سے پہنا گیا ہو تو یہ آپ کی شخصیت کو مثبت انداز میں پیش کرسکتا ہے۔