میکسیکو میں ایک بہادر ’جوکر‘ ایک عورت اور بچے کو بچانے کے لیے مسلح ڈاکو سے بھڑ گیا، ڈاکو کی گولی کا شکار ہو کر جوکر کی موت نے پورے علاقے کو افسردہ کردیا۔
مذکورہ واقعہ میکسیکو کے علاقے پوویبلا کے ایک ریستوران میں پیش آیا، واقعے کے وقت وہاں علاقے کی ایک مقبول شخصیت موجود تھی جسے ڈاکٹر گدگدی کہا جاتا تھا۔
ہمبرٹو نامی یہ شخص جوکر کا بہروپ بھر کر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتا تھا جبکہ اسپتالوں میں بیمار بچوں کو ہنسانے کا کام بھی کرتا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق لنچ کے وقت ریستوران میں ایک مسلح شخص داخل ہوا اور اس نے دروازے کے قریب بیٹھی ایک عورت کو اپنے نشانے پر رکھ لیا، عورت کے پاس ایک شیر خوار بچہ بھی تھا۔
جوکر فوراً آگے بڑھ کر اس عورت کی ڈھال بن گیا اور میز پر رکھا پانی کا جگ اٹھا کر ڈاکو پر دے مارا۔ ڈاکو نے بوکھلا کر گولی چلا دی جو جوکر کے سر پر لگی۔ تب تک ڈاکو صرف ایک ہی موبائل فون لوٹ سکا تھا اور وہ اسی کو لے کر فرار ہوگیا۔
جوکر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 24 گھنٹوں تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ جان کی بازی ہار گیا۔
جوکر کی موت نے پورے علاقے کو سوگوار کردیا، موت کے بعد بڑی تعداد میں عام افراد اور حکام اس کے گھر تعزیت کے لیے پہنچ گئے۔ جوکر کے خاندان نے اپیل کی کہ وہ اس کی آخری رسومات کے اخراجات کے لیے ان کی مالی مدد کریں کیونکہ ان کے پاس اس کے لیے رقم نہیں۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ واقعے کے وقت بھی جوکر اپنے بہروپ میں تھا یا نہیں، مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیجز کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے لیکن تاحال ڈاکو کی شناخت یا اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔