کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ انتخابات کے التواء کی قرارداد کا مقصد لوگوں کیلئے آسانی اور ٹرن آؤٹ زیادہ کرنا ہے، صوبے میں جولائی میں بہت گرمی ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کے نام پرجلد اتفاق کرلیا جائے گا، اپوزیشن3نام پر ڈٹی ہوئی ہے جبکہ ہم نے بھی3نام دے رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں پاک فوج بھی ہاتھ بٹا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ مکران میں سی پیک روڈ کی تکمیل اور تعمیر میں پاک فوج کا بنیادی کردار رہا ہے۔
میرعبدالقدوس بزنجو نے بتایا کہ مجھے بحیثیت وزیر اعلیٰ بلوچستان جتنا وقت ملا اس دور میں اتنا کام کیا، 5سال میں کارکردگی دکھائی جاسکتی ہے، البتہ پنجگور آواران گچک روڈ کی منظوری میری حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہے جس پر ڈھائی ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان اسمبلی میں انتخابات مؤخر کرنے کی قرارداد جمع
یاد رہے کہ صدر ممنون حسین نے دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کی تاریخ سے متعلق سمری کی منظوری دے دی تھی ، جس کے مطابق عام انتخابات پچیس جولائی کو ہوں گے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ایک ہی دن پولنگ ہوگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔