کوئٹہ: وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو میرٹ پر نوکری گھر کی دہلیز پر ملےگی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا نوکنڈی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گڈگورننس پہلی ترجیح ہے، کوئی سرکاری ملازمت فروخت نہیں ہوگی، بےروزگاری سے نمٹنے کیلئے ہنرمندی پر توجہ دینی ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل تعلیم اور قانونی تجارت سے وابستہ ہے، وزیراعلٰی سرفراز بگٹی نے چاغی میں دانش پبلک اسکول کے قیام کےلیےاقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ بلوچستان میں غیرملکی سرمایہ کار آرہے ہیں، تفتتان میں قائم ایل پی جی پلانٹ کا ریونیو تفتان کے عوام پر خرچ ہوگا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست سب سے مقدم، لاحاصل جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، بلوچستان کے عوام ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، بارڈر ایریا کے نوجوانوں کو تیل اسمگل سے نکل کر قانونی تجارت کی طرف آنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے چاغی ڈسٹرکٹ کونسل کیلئے 15 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا، سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کےلیے ادویات کا بجٹ 2 کروڑ روپے کرنے کا بھی اعلان کیا۔