کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت سے صوبے میں موٹروے بنانے کا مطالبہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کوئی موٹروے نہیں ہے وفاق ہمیں صرف دس کلو میٹر موٹر وے دے دے، ہمارے شہری بھی موٹروے پر سفر کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی چینیوں والی سیکیورٹی دیں گے جس کو صوبے میں سرمایہ کاری کرنی ہے وہ سیدھا میرے پاس آئے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پانچ نہیں دس ہزار ایکڑ زمین دیں گے، کاروبار کے لیے صوبائی حکومت ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں صنعتی ترقی کےلیے توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دینا ہوگی، صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کی جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کےلیے 210 ارب کا ترقیاتی بجٹ ناکافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے اربوں ڈالر کما سکتے ہیں، ہم معدنیات برآمد کریں گے۔