کوئٹہ : وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ہمارا نظام صحت اتنا مستحکم نہیں کہ عوام کوئی بےاحتیاطی کا خطرہ مول لے سکیں، وزراء اور اراکین اسمبلی ماہ رمضان اور عید سادگی سے منائیں گے۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں لاک ڈاؤن اور نماز تراویح کے انتظامات سمیت مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر کمشنر کوئٹہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی 590 مساجد میں نماز تراویح کا انعقاد ہوتا ہے، علما کرام نے20 نکاتی ایس او پیز پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے،
کمشنر کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عدم عملدرآمد پر پہلے وارننگ جاری کی جائے گی، تاجروں کو صورتحال کی نزاکت سے آگاہ کرتے ہوئے پابندی کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ دو روز میں کورونا وائرس کے ٹیسٹنگ کی استعداد یومیہ 800 تک ہوجائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کورنا وائرس سے ہونے والی اموات ایک حقیقت ہیں، عوام احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارانظام صحت اتنا مستحکم نہیں ہے کہ عوام کوئی بےاحتیاطی کا رسک لے سکیں، وزراء اور اراکین اسمبلی رمضان اور عید سادگی سے منا ئیں گے، عوام میں بھی سادگی اختیار کرنے کا رجحان پیدا کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں میں راشن کی تقسیم میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔