کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبے بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ایک انچ زمین پر بھی پوست کی کاشت اور پیداوار قابل قبول نہیں ہے۔
انھوں نے دکی، لورالائی، قلعہ عبداللہ اور قلات انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ مل کر پوست کے خلاف کارروائی کرے۔
جام کمال نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ زراعت کی دیگر پیداوار کے لیے لوگوں کو معاونت فراہم کی جائے، اور پوست کی کاشت کے علاقوں میں عوام کو متبادل روزگار کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے عزم کیا کہ بلوچستان کو منشیات سے پاک کر کے نوجوان نسل کو محفوظ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 15 سو ایکڑ پر کاشت سبزیوں کو تلف کیا جائے، بلوچستان اسمبلی میں قرارداد
دریں اثنا، جام کمال نے چینی کمپنی کے صدر ژوپنگ سے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، چینی کمپنی کے حکام نے وزیرِ اعلیٰ کو صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔
وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان میں معدنی ترقی کی نئی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے، معدنیات کے شعبے میں بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔