کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ احساس محرومی کی بڑی وجہ وسائل کی غیر متوازن تقسیم ہے، حکومتوں کو ذاتی خواہشات اور سیاسی مقاصد کیلئے نہیں چلایا جاسکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں نمایاں کمی آئی ہے، عدم استحکام پیدا کرنے کی خواہش رکھنے والی طاقتوں کو ناکامی ہوئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، جس کی بدولت عالمی پلیئرز کا دباؤ ختم کرنے میں مدد ملی، جام کمال نے کہا کہ احساس محرومی کی بڑی وجہ وسائل کی غیر متوازن تقسیم ہے، ٹیکنالوجی و سوشل میڈیا نے عوام کو زیادہ فعال بنادیا ہے،
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو ذاتی خواہشات اور سیاسی مقاصد کیلئے نہیں چلایا جاسکتا، جام کمال نے کہا کہ7ڈویژن میں کوئی کمشنر سیاسی بنیادوں پر تعینات نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ سیکریٹری اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر تعینات کئے گئے ہیں، بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کیلئے ایکٹ میں ترامیم کی جارہی ہیں، ریکوڈک پر جذباتی فیصلوں سے6ارب ڈالر ہرجانے کا سامنا ہے۔