کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے پولیس یادگار شہدا پر پھول چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن نے ووٹ نہ دے کر اپنی پارٹیوں سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کی باتوں کی منطق سمجھ نہیں آتی ہے، ہماری اتحادی حکومت واضح عددی اکثریت کے ساتھ موجود ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ سیکرٹ بیلٹ میں ہر شخص دباؤ کے بغیر اپنا فیصلہ کرتا ہے، اپوزیشن کو جو مینڈیٹ ملا ہے اسی میں سیاست کرے۔
مزید پڑھیں: عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان
جام کمال نے کہا کہ عمران خان بہتر انداز میں ملک چلا رہے ہیں، وہ پاکستان، بلوچستان کے لئےسوچ رہے ہیں، پہلی بارسرمایہ کار بیرونی ملک سے پاکستان میں آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا حصہ بیس فیصد زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی منصوبوں پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، وفاقی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز میں اضافے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔