لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بیوروکریسی سے خطاب کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع وزیر اعلیٰ ہاؤس نے بتایا ہے کہ عثمان بزدار نے بیوروکریسی کو سخت ہدایات کی ہیں، اجلاس کے دوران کہا گیا کہ سب کو عزت دیں لیکن اب میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے بیوروکریسی سے کہا کہ اب ہر کسی کو ڈیلیور کر کے دکھانا ہوگا، تمام معاملات میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عثمان بزدار نے بیوروکریسی پر واضح کیا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح سے اب نتائج آنے چاہئیں، کام نہ کرنے والے افسران کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں کام نہ کرنے والے افسران کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ وزرا کی خصوصی کمیٹی کے فیصلے پر بیوروکریسی کی جانب سے مکمل تعاون کی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیر اعلی پنجاب @UsmanAKBuzdar کی زیر صدارت لاہور میں شہری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق اعلی سطح کا خصوصی اجلاس: وزیر اعلی عثمان بزدار نے لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی
▪︎کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن کے بعد منعقد ہو گااور متعلقہ محکمے رپورٹ پیش کریں گے۔ pic.twitter.com/ChvdbrmEuQ— CM Punjab (Updates) (@CMPunjabPK) August 23, 2020
واضح رہے کہ آج شہری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں عثمان بزدار نے لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے وزارتی کمیٹی قائم کر دی ہے، اس کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن بعد ہوگا اور متعلقہ محکمے رپورٹ پیش کریں گے۔
عثمان بزدار نے محکموں کو لاہور میں سہولتوں کی بہتری کے لیے ٹاسک بھی سونپے۔ عثمان بزدار نے پارکنگ مسائل حل کرنے کے لیے مربوط پلاننگ، اوور چارجنگ کے سدِ باب اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے دھواں اگلتی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
اجلاس میں لاہور کی اہم سڑکوں کی تعمیر اور مرمت ترجیحی بنیادوں پر کرنے اور رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے رجحان کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ بھی ہوا۔