نئی دہلی : دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال پر ایک خاتون نے سیاہی پھینک دی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کالک ملنے کا رواج زور پکڑنے لگا۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال بھی اس کالے کلچر سے نہ بچ سکے۔ان پر بھی ایک خاتون نے سیاہی پھینک کر اپنی نفرت کا اظہار کیا۔
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال ایک تقریب سے خطاب کیلئے کھڑے ہی ہوئے تھے کہ مجمع سے ایک خاتون بھاونا اروڑا آگے بڑھی اور سیاہی کیجروال کی جانب اچھال دی۔ جس سے ان کے کپڑے خراب ہوئے اور سیاہی کی چھینٹیں ان کے منہ پر بھی پڑیں۔
خاتون نے سیاہی کے ساتھ سی ڈی اور کچھ کاغذ بھی پھیینکے، سیاہی پھینکنے کے بعد خاتون نے نعرے بازی بھی کی اور وزیر اعلیٰ کیخلاف احتجاج کیا۔
پولیس نے بروقت مداخلت کر کے سیاہی پھینکنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیاہی پھینکنے والی خاتون بھاونا اروڑا وزیر اعلیٰ اروند کیجروال ہی کی عام آدمی پارٹی کی ذیلی تنظیم عام آدمی سینا کی رکن ہیں۔
اس سے پہلے بھارت میں انتہاء پسندوں کی جانب سے کلکرنی اور کشمیری رہنماؤں پر سیاہی پھینکنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ ریاستی انتخابات میں ان کی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی کو شکست فاش دی تھی۔