کراچی : بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی ، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اللہ توفیق دے کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بناسکیں جبکہ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کی ترقی کیلئےدن رات محنت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بانی ِپاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ستر ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ ارکان نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ ریونیو دینے والا صوبہ ہے، قائد کے مزار پر عہد کرتے ہیں کہ زیر تعمیر منصوبے مکمل کریں گے، پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر صوبے کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔
گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ وفاق کا نمائندہ ہوں،صوبے کی بہتری کیلئے جو تعاون درکار ہوا دیں گے، میں اپنے بھائی کوٹکٹ دلانے کیلئے کوشاں نہیں ہوں، میرا بھائی پارٹی کا ممبر ہے، ٹکٹ دینے نہ دینے کا فیصلہ پارٹی کریں گی۔
عمران اسماعیل نے کہا صوبہ سندھ کی ترقی کیلئےدن رات محنت کریں گے، دیامر اور بھاشا ڈیم ضرور بنے گا اورتمام صوبے اسے سپورٹ کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست ہے، ڈیم بنانے کیلئے وفاق کے ساتھ تعاون کریں، 5 ہزار کے قریب چین اور 2 ہزار ڈیم بھارت میں ہیں۔
اللہ توفیق دےکہ صوبےکوامن کاگہوارہ بناسکیں،وزیر اعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی برسی پرانہیں خراج تحسین پیش کرنےآیاہوں، اللہ توفیق دےکہ صوبےکوامن کاگہوارہ بناسکیں، صوبے کو لوگوں کو تمام سہولتیں دینے کے لئے کوشش کریں گے۔
سانحہ بلدیہ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا سانحہ بلدیہ انسانیت کے ساتھ ظلم تھا،تحقیقات میں پیشرفت ہورہی ہے،تحقیقات کیلئےمختلف جےآئی ٹیز بنی ہیں، سانحہ بلدیہ کے کافی ملزمان کی شناخت ہوچکی، مزید تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کو سزا ملنی چاہئے۔
مراد علی شاہ نے کہا اسٹریٹ کرائم میں نگراں حکومت کے دوران اضافہ ہوا، جرائم میں کمی کرنے کے بجائے پولیسنگ پر زیادہ زور دیا گیا، پولیس افسران کے تبادلے کئے گئے، جس کیلئے ایک نظام ہوتا ہے، سیف سٹی پراجیکٹ کسی ادارےکی وجہ سے پڑا ہوا ہے، جیسے دہشت گردی کا مسئلہ حل کیا، ویسے ہی اسٹریٹ کرائم بھی ختم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم متفقہ قانون پاس ہوا، اسے واپس نہیں ہونے دیں گے، آئین کےتحت چلیں گے اور آئین اور قانو ن کااحترام کرتے ہیں، اس کے خلاف اقدام پرمزاحمت کریں گے، صوبائی مختاری کو متاثر کیا گیا تو اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا قائداعظم کےویژن کو آگے بڑھائیں گے، دیامر اور بھاشا ڈیم پیپلزپارٹی دور میں منظور ہوا، اگلی حکومت نے آگے بڑھایا، دونوں ڈیموں سے متعلق تکنیکی گراؤنڈ پر کچھ تحفظات ہیں، کسی کو مار کر ہم کوئی پراجیکٹ نہیں بنا سکتے، ڈیم ضرور بنائیں لیکن ماحولیاتی اثرات کو سامنے رکھنا ہوگا۔