اسلام آباد : قبائلی اضلاع سے منتخب3آزاد امیدواروں نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کرکے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قبائلی اضلاع سے منتخب تین آزاد امیدواروں نے اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی اور بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ہم صوبوں میں پسماندگی کے خاتمے سے متعلق کام کرنا چاہتے ہیں، ہماری ترجیح عوام کی خوشحالی ہے۔
اسلام آباد میں پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بی اے پی میں شمولیت پر بلاول، شفیق اور عباس الرحمان کا شکر گزار ہوں۔
پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی پہلی مرتبہ اقتدار میں آئے ہیں،70سالوں سے سیاست چمکانے کیلئے عام لوگوں کو استعمال کیا گیا، ہمارا فوکس ہے کہ ترقی اور خوشحالی کو مدنظر رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان میں سیاست ایک نئے انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، لوگوں کے پاس سیاسی جماعتوں میں شرکت کیلئے اچھے آپشنز ہونے چاہئیں۔