کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان، جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لیبر قوانین میں قانون سازی کی اشد ضرورت ہے.
تفصیلات کے مطابق یوم مزدور پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شکاگومیں دی جانے والی قربانی محنت کشوں کے لیے مشعل راہ ہے، مزدور یونینز آج انھیں نکات پرمزدورکے حقوق کی جنگ لڑرہی ہیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی نسبت دنیا نے لیبر یونین قوانین میں بہت ترقی کی، معاشی ترقی میں مزدورریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے.
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمیں مزدورکے دن کو حقیقی معنوں میں تسلیم کرنا چاہیے، بلوچستان میں مالی بحران کا خدشہ ہے.
انھوں نے کہا کہ مالی بحران سے زیادہ متاثر مزدور اور ملازمت پیشہ طبقہ ہوگا، مالی بحران سے بچنے کے لئےآمدن بڑھانے والے منصوبوں کی ضرورت ہے.
یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم مزدور بنایا جارہا ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا تھا کہ مزدور طبقہ ملکی ترقی میں ہمارا شراکت دار ہے، موجودہ حکومت مزدور کی عظمت پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میںحکومت پاکستان نے’’مزدور کا احساس‘‘پروگرام شروع کردیا ہے، ’’مزدور کا احساس‘‘منصوبہ غربت میں کمی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔.