تازہ ترین

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ جام کمال کی اہم ملاقات

اسلام آباد : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد انشااللہ ناکام سے دوچار ہوگی، تین چار دنوں میں ووٹنگ ہوگی۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ جام کمال نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیاسی صورت حال سےآگاہ کیا اور ناراض رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔

انہوں نے ملاقات سے متعلق بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان کی ترقی اور سسٹم کی بہتری پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

تحریک عدم اعتماد سے متلعلق جام کمال خان نے کہا کہ میرے خلاف لائی جانے والے تحریک عدم اعتماد انشااللہ بری طرح ناکام ہوگی، مخالفین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اگلے آنے والے تین چار دنوں میں ووٹنگ ہوگی، ووٹنگ ہونا اچھی بات ہے، اس سے معاملہ واضح ہوجائے گا۔

جام کمال خان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹنگ کب ہوگی اس کی تاریخ نہیں بتا سکتا یہ گورنر کی صوابدید پر مبنی ہے، استعفے کی بات ہی نہیں وہ ہم کیوں دیں گے؟

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پہلے ہی تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جا چکی ہے۔

تحریک عدم اعتماد میں اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ جام کمال کی خراب کارکردگی پرانہیں وزیراعلیٰ کےعہدے سے ہٹایا جائے اور ایوان کی اکثریت کے حامل رکن اسمبلی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا جائے۔

Comments