وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آج حکم دیں تو اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اسمبلی کو ختم کرسکتا ہوں اور کر بھی دوں گا، کے پی حکومت کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے جو ہمارے پاس امانت ہے کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کو بجٹ پر ووٹنگ اس لیے نہیں ہوئی کیونکہ ہفتے کو عمران خان سے ملاقات کا دن تھا، جب بھی ان سے ملاقات ہوگی بجٹ پر رہنمائی لی جائے گی۔
علی امین نے کہا کہ اگر عمران خان نے بجٹ میں کسی بھی تبدیلی کا کہا تو 24 گھنٹے میں کردیں گے، میرے لیڈر کے فیصلے پر من و عمل ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاق چاہتا ہے بجٹ پاس نہ ہو تاکہ ایمرجنسی لگانے کا موقع ملے، ارکان جمعہ کو بجٹ کے حق میں ووٹ ڈال کر سازش ناکام بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ آْئین اور قانون توڑنے والوں کو حساب دینا ہوگا، جو سمجھتے ہیں حساب نہیں ہوگا وہ غلط فہمی میں ہیں، 9 مئی کے بعد کارکنان کے ساتھ جو ہوا تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔