پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر دیکھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی گرین لائن ایک بارش سے دھل گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نوشہرہ میں جڑوبہ ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں 4 لاکھ کنال زمین سیراب ہونا شروع ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک مزید چار لاکھ کنال اراضی سیراب کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لفٹ کنال پراجیکٹ سے 24 لاکھ کنال سے زائد زمین سیراب ہوگی، صوبے کو خوراک میں خود کفیل بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کررہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد برآمد کرنے کے قابل بھی ہوجائیں گے۔ ایک سالہ کارکردگی پر کتابچہ چھاپہ ہے، جلد پبلک کریں گے۔
انہوں نے پرویز خٹک کے ایک سال بعد منظرعام پر آنے سے متعلق کہا کہ سیاست کرنے اور اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے ایسے جلسے کرنے چاہئیں۔