پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک اور احتجاج کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی نےدینی ہے،ان کی ہرکال پر ہر دم تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ، اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تین ہزار سے زائد کارکن گرفتار اور بڑی تعداد میں لاپتا ہیں جبکہ زخمیوں کا علاج بھی جاری ہے، احتجاج کرنےوالے اپنے بے قصور لیڈر کی رہائی کامطالبہ کر رہے تھے.
علی امین نے ایک اور احتجاج کی جانب اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی نے دینی ہے، ان کی ہرکال پر ہر دم تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے حالات پراے پی سی بلانےکا اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہے گورنر کے پاس نہیں، گورنر فارغ آدمی ہیں، گورنر کی پارٹی کو جب ووٹ ملیں تو وہ یہ سب کرلیں، میں پرچی والوں کے نہیں عوامی مینڈیٹ کے ساتھ چلوں گا۔
پاراچنار کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ پارا چنار کا معاملہ نفرت کا ہے، لوگوں کو نشانہ بنانے والےدہشت گرد ہیں، ذمہ داروں کو سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔