پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی نوکریوں میں مقامی افراد کو سو فیصد ترجیح دیں گے، بہت جلد مہمند میں بھی تھری جی اور فور جی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے جشن بہاراں کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے ضلع مہمند کا دورہ کیا اور جشن بہاراں کی رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ضلع مہمند میں یونیورسٹی کیمپس بنانے کو یقینی بنائی گی، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائل نے بہت عرصے تک مشکلات جھیلیں،عوام اورسیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن قائم ہو چکاہے، نوجوانوں اب نے مستقبل سنبھالنا ہے،اب قبائلی عوام نے بڑھ چڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج مہمند کے عوام کے لیے روزگاراسکیم کا افتتاح کر دیا ہے،ایک ارب روپے روزگار اسکیم کے لیے مختص کیے جا چکے ہیں،اسکیم سے ضلع مہمند کے نوجوانوں اور مستحق افراد کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔
جشن بہاراں کے موقع پر کیپٹن روح اللہ شہید اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے سامنے مختلف کرتب بھی دکھائے،وزیر اعلی نے جشن بہاراں سپورٹس فیسٹول میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شیلڈ بھی تقسیم کیے۔