پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارامقابلہ پی ڈی ایم سے نہیں بلکہ مہنگائی کے ساتھ ہے، وزیراعظم بہت جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔
پشاورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نااہل اور سلیکٹڈ ہیں، چلیں ہم تو نااہل ہیں آپ نے70سالوں میں کیا کیا؟
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ مخالفین کی وجہ سے ہی لوگ ہمیں بددعائیں دے رہے ہیں، عمران خان نے جیسے اسلامو فوبیا اور مسئلہ کشمیر پر بات کی وہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہے نہ ہی کسی اور کے ساتھ بلکہ ہمارا مقابلہ مہنگائی کے ساتھ ہے اور یہ مہنگائی امپورٹڈ اور عالمی سطح پر ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں چیزیں مہنگی ہونے کی وجہ سے یہاں بھی اس کا اثر ہوتا ہے، سب چیزیں باہر سے آرہی ہیں تو یقیناً مہنگائی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں اہم اعلانات کریں گے، وہ بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری سنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ورثے میں جو مسائل ملے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے نیا پاکستان کارڈ لایا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت اس معاملے پر متحرک کردار ادا کررہی ہے، ماضی میں بیرونی قرضوں کے نام پر عوام کو لوٹا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی صورت مہنگائی کےحق میں نہیں، معیشت بہتر ہوگی تومہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔