پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں میں کمسن بچی سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں کی رہائشی تین سالہ فریال نامی بچی گزشتہ روز دوپہر ڈھائی بجے گھر سے باہر کھیلنے کے لیے نکلی اور پھر لاپتہ ہوگئی۔
اہل خانہ نے تلاش شروع کی اور پھر حویلیاں تھانے میں مقدمہ درج کروایا جس کے بعد پولیس ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا اور اگلے روز صبح نو بجے بچی کی لاش ویرانے سے ملی۔
مزید پڑھیں: ایبٹ آباد : پانچ سالہ بچی جنسی زیادتی کے بعد قتل، لاش ویرانے میں پھینک دی
مغوی بچی کی لاش کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی پی او ایبٹ آباد اور ڈی ایس پی فوری طور پر حویلیاں اسپتال پہنچے اور اپنی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کروایا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ کمسن فریال کو سفاک درندوں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے نیم مردہ حالت میں کھلے آسمان تلے چھوڑ کر چلے گئے، شدید سردی کے باعث بچی جاں بحق ہوئی۔
حویلیاں پولیس نے واقعے کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ بھر میں سرچ آپریشن شروع کیا مگر کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی۔
اے آر وائی پر خبر نشر ہوئی تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی اور فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔